ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ناسک میں اگنی ویروں کی شہادت پر راہل گاندھی کا سوال: "شہادت کے بعد امتیازی سلوک کیوں؟

ناسک میں اگنی ویروں کی شہادت پر راہل گاندھی کا سوال: "شہادت کے بعد امتیازی سلوک کیوں؟

Mon, 14 Oct 2024 10:36:19    S.O. News Service

نئی دہلی، 14/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)ناسک آرٹیلری سینٹر (توپ خانہ) میں دو اگنی ویروں کی جان بحق ہونے کے بعد کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے مرکزی حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگنی ویروں کے خاندانوں کو پنشن اور دیگر سرکاری سہولیات کیوں نہیں دی جا رہی ہیں؟ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ جب فوجیوں کی ذمہ داریاں اور قربانیاں برابر ہیں، تو پھر ان کی شہادت کے بعد اس طرح کا امتیاز کیوں برتا جا رہا ہے؟ ان کے اس بیان نے حکومت کے خلاف عوامی ردعمل کو جنم دیا ہے۔

راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا، ’’ناسک میں ٹریننگ کے دوران دو اگنی ویر گوہل وشوراج سنگھ اور سیفت شیت کی موت ایک افسوسناک حادثہ ہے۔ میں ان کے اہل خانہ کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ یہ حادثہ ایک بار پھر اگنی ویر اسکیم پر سنگین سوال اٹھاتا ہے، جس کا جواب دینے میں بی جے پی حکومت ناکام رہی ہے۔‘‘

انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا، ’’اگنی پتھ اسکیم فوج کے سے ساتھ ناانصافی ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی شہادت کی توہین ہے۔ وزیر اعظم اور وزیر دفاع کو جواب دینا چاہئے کہ کیوں ایک فوجی کی زندگی دوسرے فوجی کی زندگی سے زیادہ قیمتی ہے؟‘‘

پوسٹ کی آخر میں راہل گاندھی نے لوگوں سے اپیل کی، ’’آئیے مل کر اس ناانصافی کے خلاف کھڑے ہوں۔ بی جے پی سرکار کی اگنی ویر اسکیم کو ہٹانے کے لئے، ملک کے نوجوانوں اور فوج کے مستقبل کو محفوظ کرنے کے لئے ہماری جئے جوان تحریک سے آج ہی جڑیں۔‘‘

واضح ہو کہ اگنی ویروں کی ایک ٹیم توپ سے گولے چھوڑ رہی تھی، تبھی اچانک سے ایک گولہ پھٹ گیا، جس کی وجہ سے دو اگنی ویر زخمی ہو گئے۔ فوری طور پر انہیں ملٹری اسپتال لے جایا گیا، جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔ اس حادثے کے پیچھے کی وجوہات کے بارے میں تفتیش جاری ہے۔


Share: